عوام کے جان مال کا تحفظ حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے
مسیحی برادری کیساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار
گزشتہ روز لاثانی سیکرٹریٹ پر علماء مشائخ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان ،چےئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان اور چےئرمین لاثانی ویلفےئرفاؤنڈیشن( رجسٹرڈ)انٹرنیشنل صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہا کہ لاہور یوحنا آباد چرچز میں خود کش بم دھماکوں نے یہ بات ثابت کر دی کہ حکومت وقت کی پالیسیاں اور نا اہل تھنک ٹینک اپنے فرائض سے انصاف نہیں کر رہے ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کا تسلسل حکومت کی نا اہلی ہے۔ ہزاروں لوگوں اور پولیس کی موجودگی میں مشتبہ افراد کو زندہ جلا کر قتل کرنا انتہائی افسو سناک سانحہ ہے ،جس کی اسلام اور قانون ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے ،مسیحی برادری کی جانب سے توڑ پھوڑ اور لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچانا مسئلے کا حل نہیں،مسیحی رہنماؤں کو چاہیے کہ مزید فرقہ واریت اور بد امنی سے بچنے کیلئے فی الفور اشتعا ل انگیزی کو قابو کرے۔حکومت مشتعل شرپسند عناصر کیخلاف فوراًقانونی کاروائی کرے،کسی کوبھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان مسیحی برادری کیساتھ اس عظیم دکھ میں برابر کی شریک ہے۔اعلیٰ سطح پر ہونے والی مشاورت میں حکومت کو چاہیے کہ حقیقی صوفیاء کرام کو شامل کرے تاکہ دین فہیم کی حقیقی روح کی روشنی میں مثبت اور عملی اقدامات کو بروئے کار لایا جا سکے ۔اس وقت بھی حکومت وقت میں ایسے چہرے پوشیدہ ہیں جو شر پسند عناصر کی پشت پناہی میں ملوث ہیں جن کی نشاندہی اوراحتساب نا گزیر ہے۔معصوم انسانی جانوں اور مذاہب و مسالک کی آڑ میں فرقہ واریت کو فروغ دینے والوں کا کوئی دین مذہب نہیں ،پاک آرمی کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تنظیم مشائخ عظام انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔مگر جب تک آرمی کو حکومت وقت کی جانب سے بھر پور معاونت نہیں ملتی ہمیں خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے ،اسوقت ضرورت اس امر کی ہے کہ فرقہ ورانہ اختلافات کو بھلا کر علماء مشائخ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو جائیں اور فروغ امن کو یقینی بنا کر پاکستان سمیت آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کو کامیاب بنائیں ۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان ،بین المذاہب امن اتحاد پاکستان فروغ امن کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔