کیتھولک چرچ بشپ ہائوس فیصل آباد میں بین المذاہب امن ہم آہنگی کیلئے پروقار تقریب
صدیقی لاثانی سرکارکے اعزاز میںریورنڈ ڈاکٹر جوزف کوٹس کی طرف سے افطار ڈنر اور عشائیے کا اہتمام
مورخہ: 28رمضان المبارک بمقام: بشپ ہائوس ریلوے روڈ فیصل آباد زیر اہتمام : بین المذاہب امن اتحاد وڈائیوسیزن انٹرفیتھ ہارمنی
مہمان خصوصی : صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارصاحب (چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان ،امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان )
زیر صدارت: بشپ جوزف کوٹس (بشپ آف فیصل آباد )
مہمانان گرامی: پیر طریقت لیاقت علی نقشبندی، پیر طریقت ڈاکٹر محمد انور نقشبندی ،پیر طریقت اعجاز احمد نقشبندی المعروف بابا جی سرکار، میجر محمد اصغر ،فرحان احمد نقشبندی ،عبدالقیوم نقشبندی،محمد خالد حنیف نقشبندی، ڈاکٹر ذوالفقار علی گل اور دیگر امیران حلقہ و تنظیمی اراکین نے اس پروقارتقریب میں شرکت فرمائی ۔ فادر یعقوب، فادر بونی مینڈس،ماسٹر عنایت جوزف ،قیصر فیلکس، سارہ بون،فرانسس،فادر جیکب انتھونی و دیگرمعروف شخصیات جاوید خورشید، اظہر محمود نمائندہ روشنی T.V چینل،شہبازنذیر،فوٹو گرافر سہیل،ظفر،معروف صحافی خاور شفیق،رائو ظفر اقبال ایڈووکیٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن رائٹس کونسل فیصل آباد،فوٹوگرافر محمداحمد نے لاثانی سرکار کو خوش آمدید کہا۔
تقریب کا مقصد: بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے جاری شاندار کاوشوںکو استحکام بخشنا ،مسلمانوں اورعیسائیوں کے درمیان پائی جانیوالی نفرتوںکو ختم کرنا ،عوام الناس کویہ شعور دینا کہ اسلام اورعیسائیت کے درمیان بہت سی قدریں مشترک ہیں۔پاکستان میں صدیقی لاثانی سرکارجیسی امن کی پیغامبر شخصیات موجود ہیں جنہوںنے مذاہب عالم کو نہ صرف ایک پلیٹ فارم پر متحدکیابلکہ سب سے پہلے تمام مذاہب کو اپنے ہیڈ آفس (سلسلہ عالیہ لاثانیہ )پر انہیں مدعو کیا اوران کیساتھ بہترین طریقے سے ڈائیلاگزکے ذریعے انہیں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی دی اوریہ ثابت کیاکہ اسلام ''امن اورمحبت کا دین ہے''۔کرسچین لیڈر ز نے بھی صدیقی لاثانی سرکارکے امن کے پیغام کاجواب امن اورمحبت سے دیا (جس طرح آستانہ عالیہ پر ہرسال کرسمس کاتہوار منایاجاتاہے اسی کے جواب میں کیتھولک چرچ میں افطار ڈنر کااہتمام کئے جانے سے اقوام عالم کویہ پیغام گیا کہ آپس میں مل بیٹھ کر بہت سے مسائل کاحل نکالاجاسکتاہے اورنفرتوںکومحبتوںمیں بدلاجاسکتاہے)۔
تقریب کی کاروائی :انسانیت کی خدمت اور پیار کے اس عملی مظاہرے کو پاک وطن کی پاک سرزمین صوبہ پنجاب کے شہرفیصل آباد کی پاک دھرتی پر دیکھا گیا۔ اس بابرکت اور مقدس دن بوقت نمازمغرب تا عشاء ریلوے روڈ پر واقع کیتھولک چرچ بشپ ہائوس میں بین المذاہب امن ہم آہنگی کی نئی تاریخ رقم ہوئی جہاں اس شاہسوار روحانیت ،شیخ المشائخ ، مرشد اکمل ،پیر طریقت صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے اسلام کی ازلی اور ابدی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بشپ آف فیصل آباد ڈاکٹر جوزف کوٹس کی طرف سے عشائیے کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے مشائخ عظام کے ہمراہ ان کے چرچ میں تشریف لے گئے ۔
چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکارمشائخ عظام کے وفد کیساتھ کیتھولک چرچ (بشپ ہائوس) میں پہنچے جہاںریورنڈ ڈاکٹر جوزف کوٹس بشپ آف فیصل آباد اور فادر آفتاب جیمز پال نے آپ کاوالہانہ استقبال کیا ۔ ہال میں مہمانان گرامی کیلئے شاندار انتظامات کئے گئے تھے اوررنگ برنگے خیر مقدمی بینرز آویزاںتھے، جن کی تحریریں پڑھ کر بین المذاہب امن ہم آہنگی کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو مل رہا تھا ۔مسلم اور کرسچن بھائیوں کے چہرے خوشی سے چمک رہے تھے۔
چرچ میں ہی اذان مغرب اورنماز مغرب کی ادائیگی کا اہتمام : تمام مہمانانِ گرامی نے نماز مغرب ادا کی ،جماعت کی سعادت پیر ڈاکٹر محمد انور نقشبندی صاحب نے حاصل کی۔نماز سے فارغ ہونے کے بعد دوبارہ مرکزی ہال میں تشریف لائے جہاں پر فادر آفتاب جیمز پال نے چئیرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار کاعشائیے میں شرکت پر شاندار الفاظ میں شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تو لاثانی سیکرٹریٹ پر منائی گئی کرسمس ملن پارٹی کے مقدس لمحات سے تاحال سرشار ہیں اور جہاں جاتے ہیں صدیقی لاثانی سرکا رکی انسانیت سے بے لوث محبت کے چرچے سن رہے ہیں۔ ہمارے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں جن سے ہم آپ سرکار کا شکریہ ادا کریں ۔
ڈاکٹر بشپ جوزف کوٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے تو میں اللہ تعالی جل شانہ کے حضور یہ دعا کرتاہوں کہ اللہ صدیقی لاثانی سرکار کو مکمل اپنی حفظ وامان میں رکھے اور آپ سرکار پر کئے گئے قاتلانہ حملے کی تمام کرسچن کمیونٹی کی جانب سے پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان معاشرتی ناسوروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔موجودہ دور میں بین المذاہب امن ہم آہنگی میں صوفیا کرام بالخصوص صدیقی لاثانی سرکار کا کردار لائق تحسین ہے۔ آج ہمارے گھر بشپ ہائوس میں صدیقی لاثانی سرکار کی آمد نے اسلام کے سچے پیروکار کی حیثیت سے بین المذاہب امن ہم آہنگی اور فلاح انسانیت کے حوالہ سے جاری کوششوں کو چار چاند لگا دئیے ہیں ۔اب ہمیں بین المذاہب امن ہم آہنگی کے حوالہ سے صحیح پلیٹ فارم مل چکا ہے ہم نے پہلے سے قائم امن کمیٹیوں کے لوگوں کا بھی کردار دیکھا ،جس کے بعد ہم یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ ان نام نہاد امن کمیٹیوں میں شامل چند ناسوروں نے تمام مذاہب کو بدنام کرکے رکھ دیا تھا۔
چئیرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی نبی کی گستاخی کرنیوالاشخص اللہ کے غضب کا شکار ہوجاتا ہے ،تمام انبیاء کرام برحق ہیں اسی لئے انہوں نے بلاامتیاز فلاح انسانیت اور امن وسلامتی کا درس دیا ۔حقیقی انسان ہی وہ ہے جس کو انسانیت سے پیار ہے اور وہ فلاح انسانیت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے یہی وہ پاکیزہ جذبہ ہے جس کی بنا پر اللہ نے انسان کو اپنا نائب بنایا اور انسان اشرف المخلوقات کہلایا ۔بلا امیتاز رنگ ونسل اور مذاہب کی تفریق سے بالا تر ہوکرانسانیت کی خدمت کرنے سے ہی اللہ ورسول ۖ کی رضا وخوشنودی حاصل ہوتی ہے ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو مل جل کر مزید اچھے طریقے سے انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین
اس موقع پر سارہ جون نمائندہ UCAN انٹر نیشنل نیوز ایجنسی اور قیصر فیلکس نمائندہ ASIA NEWSانٹر نیشنل نیوز ایجنسی نے چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمدصدیقی لاثانی سرکار سے حالات حاضرہ کے حوالہ سے خصوصی انٹرویوز کئے۔ اس شاندار اور پروقار تقریب کے اختتام پر مذاہب عالم کی ان مقتدر اور معروف شخصیات نے فلاح انسانیت، ملک وملت کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور اتحاد ویگانگت کیلئے خصوصی دعائیں فرمائیں اورچیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار صاحب کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔
آستانہ عالیہ لاثانی سرکار میں یوم ولادت حضرت سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے موقع پر مسیحی کمیونٹی کیساتھ محفل ذکر ونعت و سماع کاانعقاد کیا گیا